31 جولائی ، 2015
پشاور.......خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں گذشتہ روز ہونے والی ری پولنگ کی نشستوں کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ بلدیاتی انتخابات کی طرح ری پولنگ میں بھی تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں 362 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے بعد نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ جیو نیوز نے ضلع کونسل کے 100 سے زائد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج حاصل کرلیے ہیں۔ ری پولنگ کی نشستوں میں تحریک انصاف اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس نے 51 نشستیں جیت لیں ۔ضلع کونسل میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں جن کی تعداد 26 ہوگئی ہے ۔اس کے علاوہ جے یو آئی ف 14 اور اے این پی 8 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہيں ۔مسلم لیگ ن ، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی ضلع کونسل کی 3 ، 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔تحصیل کونسل میں پی ٹی آئی نے 26 نشستیں جیت لیں ، کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ ری پولنگ کی تحصیل کونسلز میں جے یو آئی ف 15 ، اے این پی 12 جبکہ قومی وطن پارٹی اور پیپلز پارٹی چار چار نشستیں جیتنے میں کامیاب رہیں ۔ بلدیاتی انتخابات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو غیر سرکار غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے ضلع کونسل کی 978 میں سے 307 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ جے یو آئی ف نے 117 ، ن لیگ نے 93 اور جماعت اسلامی نے 72 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔