04 اگست ، 2015
کراچی...... ایم کیوایم کی مرکزی کمیٹی کی سابق وائس چیئرمین زرین مجید، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین اقبال مقدم اور مطیع الرحمان کو رابطہ کمیٹی میں شامل کرلیاگیا ہے ۔ یہ فیصلہ منگل کے روز رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں ہوا ۔زریں مجید، اقبال مقدم اور مطیع الرحمان رابطہ کمیٹی کے اراکین کی حیثیت سے تنظیمی فرائض انجام دیں گے ۔ قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔ دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پچھلے کئی برس سے جنوبی پنجاب کے عوام کا سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہونا حکومت پنجاب کی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سیلاب کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے کوئی مثبت اقدامات نہیں کئے گئے ۔اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور وہ علاج و معالجہ سمیت کھانے پینے تک سے محروم ہیں اور مشکل ترین زندگی گزار رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے جنوبی پنجاب کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور متاثرین سیلاب کو مشکل ترین وقت میں تنہا چھوڑنے کی پالیسی ترک کی جائے ۔