16 مئی ، 2012
لاہور … پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگرنیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پارلیمنٹ کی بالادستی کہاں جائیگی، کیا نیٹو سپلائی قیمت بڑھانے کیلئے بند کی گئی تھی، مخالفین سن لیں، تحریک انصاف کا سونامی اب کسی سے نہیں رکے گا۔ لاہور میں سابق ایم این اے چوہدری مبشر اور ایم پی اے نذیر فرید گوندل کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کیا نیٹو سپلائی قیمت بڑھانے کیلئے بند کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں سے پیسے لے کر لیپ ٹاپ اور سستی روٹی پر لگا دیئے، چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر مشاورت نہ کی گئی تو احتجاج کریں گے۔ عمران خان کا کہناتھا کہ شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی اور ڈاکٹر عارف علوی قومی کانفرنس کیلئے مختلف پارٹیوں سے رابطہ کررہے ہیں۔اس سے قبل اسلام آباد میں پارٹی رہنماوٴں کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ 27 مئی کو راولپنڈی میں تحریک انصاف کا جلسہ نئی تاریخ رقم اور ملک سے موروثی سیاست کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ عمران خان نے پارٹی رہنماوٴں کو ہدایت کی کہ راولپنڈی کے جلسے کیلئے کارکنوں کو متحرک کیا جائے۔