پاکستان
09 اگست ، 2015

مزارات کی خستہ حالی کیخلاف ٹی این ایف جے کے ملک گیر مظاہرے

مزارات کی خستہ حالی کیخلاف ٹی این ایف جے کے ملک گیر مظاہرے

اسلام آباد.......قائد تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے مسلم حکمرانوں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر رسول خدا ؐ کی جائے پیدائش سمیت دیگرآثارِ نبویہ ؐ اور عظیم اسلامی یادگاروں کی عزتِ رفتہ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کریں تاکہ القدس شریف کی بازیابی اور بابری مسجدکی تعمیر نو کے مطالبا ت میں قوت پیدا ہوسکے۔المرتضیٰ میں عالمی عشرہ صادق آل محمد ؑ کی مناسبت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ قرآنِ ناطق امام جعفر صادق ؑ آئمہ ہدیٰ میں چھٹے تاجدارِ ولایت اور آفتاب ِ خانوادہِ رسالت ؐ ہیں جنہوں نے عباسی خلیفہ منصور کے دو ر میں 25شوال148ہجری کو جام شہادت نوش کیا۔اس دورِ استبداد میں بد کلامی ،گستاخانہ حرکات اور توہین رسالت عادت بن چکی تھی،جس پر خانوادہِ رسالت ؐ کے پاکیزہ افراد اور انکے عقیدتمند صبروبرداشت کو شعار بنائے رکھتے۔انہوں نے کہا کہ امام جعفر صادق ؑ ا س تاریک فضا میں زندگی بسر فرما رہے تھے چنانچہ دنیا جانتی ہے کہ ہر انقلاب و اقدام کی ترقی کیلئے آمادگی اورعلمی پناہ گاہ کا ہونا ضروری ہے جسکے بغیر کوئی انقلاب کامیاب و پائیدار نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جنت المعلیٰ اور جنت البقیع میں خانوادہِ رسالت ؐ ہی نہیں بلکہ امہات المومنین ؓ،صحابہ ؓ کبار اور حضرت امام جعفر صادق ؑ کے مزاراتِ مقدسہ مسمار پڑے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔افغانستان ،عراق،شام،لیبیا،مصر،نائیجیریا،صومالیہ میں یہی داستانِ ظلم دوہرائی گئی جبکہ گزشتہ روز یمن میں خانوادہِ رسالت ؐ سے منسوب قدیمی مسجد کو دہشتگردوں نے بموں سے اڑا دیا۔قائد ملتِ جعفریہ نے کہا کہ تمام مسلم ممالک میں آثارِ نبویہ ؐ ،امہات المومنین ؓ، صحابہ ؓ کبار اور اہلبیت اطہار ؑ کے مزارات کی حرمت کی بحالی کیلئے القدس اور بابری مسجد کی طرح آواز بلندکریں اور یہ اہم ترین مسئلہ اقوام متحدہ ،عالمی عدالتِ انصاف اور دیگر بین الاقوامی ادارو ں میں اٹھائیں،ورنہ انہیں مزید مصائب و آلام کیلئے تیار رہنا ہوگا۔درایں اثناء عالمی عشرہ صادق آل محمد ؑ کی مناسبت سے اتوار کو مختار آرگنائزیشن کے زیراہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزاراتِ مقدسہ اور آثارِنبویہ ؐ کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کیلئے احتجاجی ماتمی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

مزید خبریں :