پاکستان
10 اگست ، 2015

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا احتجاج،کارروائی 10 منٹ کیلئے ملتوی

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا احتجاج،کارروائی 10 منٹ کیلئے ملتوی

کراچی...... سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ نے کارکن کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر نعرے بازی کی ۔ ایوان مچھلی بازار بنا رہا اور اس دوران کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی جس پر اسپیکر نے اجلاس 10 منٹ کے لیے ملتوی کردیا ۔اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس دوگھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا،تواپوزیشن لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے کارکن محمد ہاشم کی ہلاکت پر ایوان میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد ہاشم کے قتل کی تحقیقات کرائے ۔وزیر پارلیمانی امور سکندرمیندھرو نے خواجہ اظہارکو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کسی کی خواہش کے بجائے قانون کے تحت چلایا جائے گا اور حکومت پارلیمان کو ہائی جیک ہونے نہیں دے گی۔سکندر میندھرو کی بات پر خواجہ اظہار نے کہا کہ ایوان کا یہ رویہ ظلم اور بے حسی ہے۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر کو مزید بولنے کی اجازت نہ دی تو ایم کیو ایم اراکین نے ایوان میں نعرے بازی شروع کردی۔ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی محمد ہاشم کی تصویریں اٹھائے اسپیکر کی ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی، پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی بھی اس موقع پر اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے اور دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے کو دھکے دیئے تاہم خواجہ اظہار الحسن ،مکیش کمار چائولہ اور نثار کھوڑو نے بیچ میں پڑ کر معاملہ ختم کرادیا ۔ایوان میں گرماگرمی بڑھنے پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اجلاس کی کارروائی 10منٹ کے لیے ملتوی کرنا پڑی۔

مزید خبریں :