14 اگست ، 2015
کراچی........کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد پاکستان بحریہ کے چاق و چوبند دستےنے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔ گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ نے دیگر سیاسی رہنماوں کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ کی اور پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور فواد امین بیگ پریڈ کا معائنہ کیا،، مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر پرچم کشائی کی،جس کے بعد فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کی قبر پر پھول چڑھائے۔مزار قائد پر ہونے والی پر وقار تقریب میں اسکولوں کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آج پاکستان جو خطرات لاحق ہیں ان سے ہماری افواج نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، اس دفعہ جشن آزادی پر لوگوں جوش قابل دید ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے سیاسی تصور کی وجہ سے عظیم مملکت وجود میں آئی بحیثیت قوم ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مزار قائد کا دورہ کیا، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔تینوں مسلح افواج کے نمائندوں، ڈپٹی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے بھی مزار قائر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔