21 اگست ، 2015
کراچی.......کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار ، بابا لاڈلہ گروپ کا اہم رُکن سادق گڈانی چار ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا، ملزمان کی فائرنگ سے سابق ایس ایچ او نیپیئر اعظم خان سمیت دو پولیس اہلکار، رینجرز کا جوان اور ایک راہگیر خاتون زخمی ہوگئیں۔ لیاری کے علاقے غلام شاہ لین میں پولیس اور رینجرز نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے سابق ایس ایچ او نیپئیر سب انسپکٹر اعظم خان، رینجرز اہلکار شاکر اللہ، پولیس اہلکار ریحان اور ایک راہگیر خاتون گلشن زخمی ہوگئیں۔ جوابی فائرنگ میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا اہم کمانڈر صادق گڈانی چار ساتھیوں سمیت مارا گیا ، تین ملزمان کی شناخت سالار، دانش اور شاہنواز کے نام سے ہوئی جبکہ پانچویں کی شناخت نہ ہوسکی۔زخمی ہونے والے سابق ایس ایچ او نیپئیر اعظم خان کی حالت تشویشناک ہے اور سول اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انھیں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق مارا گیا گینگ وار کمانڈر صادق گڈانی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان سمیت دیگرسنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے ماڑی پور کے علاقے سے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوٕں کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی جنوبی ڈاکٹر جمیل احمد کے مطابق دہشت گرد امان الله اور قاری سجاد خالد خراسانی کے تربیت یافتہ ہیں۔ دونوں دہشت گرد کالعدم تنظیم کے لیے کراچی سے بھرتیاں کرتے تھے۔ گرفتار دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ کررہے تھے، جن کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔