دنیا
23 اگست ، 2015

کابل: نیٹو قافلے کے قریب خودکش بم دھماکہ، 12افراد ہلاک

کابل: نیٹو قافلے کے قریب خودکش بم دھماکہ، 12افراد ہلاک

کابل......آئی این پی......افغانستان کے شہر کابل میں نیٹو کے قافلے کے قریب خودکش کار بم دھماکہ ہوا ہے،جس میں انٹرنیشنل ملٹری فورس کے 3سویلین کنٹریکٹرز سمیت 12افراد ہلاک اور 66سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کی مطابق خودکش کار بم حملے کا نشانہ نیٹو فورسز کا قافلہ تھا، دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے۔ نیٹو نے حملے میں 3سویلین کنٹریکٹرز کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ بیشتر کی حالت تشویش ناک اور ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ بتایا گیا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے بیان کے مطابق کابل حملے میں طالبان گوریلا ملوث نہیں ہیں۔ ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ شام ساڑھے 4بجے کے قریب شنوزادہ اسپتال کے سامنے ہوا، جہاں غیر ملکی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ افغان محکمہ صحت کے ترجمان وحید اللہ معیار کا کہنا ہے کہ خودکش کار بم دھماکے میں 11افغان اور ایک غیر ملکی ہلاک ہوا ہے، جبکہ 66افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر نیٹو کے ترجمان امریکی کرنل برین ٹریبس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 3سویلین کنٹریکٹرز بھی مارے گئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں بعض افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فورسز کا قافلہ گزرنے کے بعد ایک دھماکہ خیز مواد سے بھری کار کو اڑا دیا گیا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان شدید پہنچا۔ دھماکہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ دھماکے کے نتیجے میں 10سے زائد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس میں ایک اسکول بس بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :