17 مئی ، 2012
واشنگٹن … امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے نیٹو سپلائی پر بات چل رہی ہے، ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو منظر عام پر نہیں لاسکتے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے، پاکستان سے نیٹو سپلائی پر بات چل رہی، ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے مذاکرات کو منظر عام پر نہیں لایا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مذاکرات پر ابھی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ پاک امریکا مذاکرات کے حوالے سے میڈیا میں مبالغہ آرائی بھی کی جارہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان کیلئے کوئی نیا سیکیورٹی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔