28 اگست ، 2015
کراچی........مسلم لیگیوں کے اتحاد کے لیے چوہدری شجاعت کی کراچی آمد، مشن ایک بار پھر بے نتیجہ رہا ، میڈیا سے گفتگو میں کراچی آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے جرائم پیشہ اور مسلح لوگ، بلوچ باغیوں کی طرح ہتھیار ڈال کر معافی مانگ لیں۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت 6گھنٹے کے اہم مشن پر کراچی تو آئے لیکن 6مسلم لیگی دھڑوں کو اتحاد پر آمادہ نہ کرسکے۔ انہوں نےپیر صاحب پگارا ،سابق صدر پرویز مشرف اور غوث علی شاہ سے لیگی دھڑوں کے اتحاد پر طویل مشاورت کی لیکن بات یقین دہانیوں سے آگے نہ بڑھ سکی۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ کراچی آپریشن کی ٹھنڈی اور پرامن ہوائیں ملک کے کونے کونے تک پہنچ رہی ہیں، تمام جماعتوں کو آپریشن کی حمایت کرنی چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کو کچھ اہم مشورے بھی دئیے۔وفاقی وزیر پیر صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام کیلئے سب کومتحد ہونا پڑے گا۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔