30 اگست ، 2015
پیرس........چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں کے بارے میں آپ نے سنا ہوگا، لیکن فرانس میں دو چوروں نے نہ صرف ہاتھ کی صفائی دکھائی، بلکہ ہوشیاری میں بھی سب چوروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ایکشن ، تھرل، گولیوں کی بوچھاڑ اور زبردست مار دھاڑ ، ارے جناب فلمی چوری ڈکیتیوں میں تو یہی سب دیکھا ، اتنا کچھ ہنگامہ ہوتا ہے ، تب کہیں جاکر ڈکیتی کی واردات مکمل ہوتی ہے۔ لیکن فرانسیسی پولیس نے پکڑے دو ایسے چور،، جنہوں نے نا گولی چلائی، نہ مار دھاڑ کا رسک لیا ، بس خلیجی ممالک کے سیاحوں کا روپ دھارا اور ہوٹلوں کے کمروں کی تجوریاں صاف کرتے رہے۔ یہ چور بڑے ہوٹلوں کے استقبالیہ پر پہنچ کر ظاہر کرتے کہ وہ اس ہوٹل میں ہی قیام پذیر ہیں اور اُن کے کمرے کی چابی کھو گئی ہے، اس طرح وہ کمروں تک رسائی حاصل کرتے تھے۔ ہوشیاری ایسی کہ کمروں کے دروازوں پر اسٹیتھو سکوپ کی مدد سے پہلے یہ پتہ لگالیتے کہ کمرا خالی ہے یا نہیں؟ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی شناخت اس سے پہلے ہونے والی چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی کیمرہ سے لی گئی ویڈیوز اور تصاویر کی مدد کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے زیورات، قیمتی کپڑے اور غیر ملکی کرنسی کے ساتھ کمروں کی بیس چابیاں، ہتھوڑی، چھینی اور سٹیتھو سکوپ بھی برآمد کی ہے۔