دنیا
05 ستمبر ، 2015

ایلان سپرد خاک: آسٹریا، جرمنی کی پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت

ایلان سپرد خاک: آسٹریا، جرمنی کی پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت

انقرہ........ترکی کے ساحل کے قریب ڈوبنے والے 3سالہ شامی بچے ’ایلان‘ کو سپرد خاک کردیا گیا۔ یورپی ملک ہنگری میں پناہ گزینوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، تاہم بڈاپسٹ سے پیدل مارچ کرنے والوں کو آسٹریا اور جرمنی نے ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ ہنگری کے کیمپوں میں مظاہرہ کرنے والے پناہ گزینوں پر شیلنگ کی گئی، جس کے بعد آسٹریا کی جانب پیدل سفر کرنے والے ہزاروں مظاہرین نے سرکاری بسوں میں جانے سے انکار کر دیا ہے۔ ہنگری کے برعکس آسڑیا اور جرمنی نے انہیں داخلے کی اجازت دے دی ہے، تاہم جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں کی ذمہ داری پوری یورپی یونین کو اٹھانا چاہیے۔ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے امداد بڑھانے، مگر محض کیمپوں میں موجود شامی پناہ گزینوں کو برطانیہ میں جگہ دینے کا وعدہ کیا ہے لیکن ان کی تعداد ابھی طے نہیں کی۔ اقوام متحدہ نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2لاکھ پناہ گزینوں کو قبول کرے۔ پناہ گزینوں کے لیے یورپی ممالک کے دل میں جگہ 3برس کے ’ایلان‘ کی انسانیت سوز موت سے پیدا ہوئی، جسکی تدفین شام میں اسی آبائی علاقے کوبانی میں کی گئی جہاں دہشتگرد داعش نے اس کے خاندان کے 11افراد کو قتل کر دیا تھا۔ ’ایلان‘ کی والدہ اور بھائی کو بھی یہیں دفنایا گیا ہے۔ بچے کے والد کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کی مدد یورپ نہیں عربوں کو کرنی چاہیے۔ ترکی نے پاکستان، افغانستان اور شام سے تعلق رکھنے والے 150افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جو کشتی کے ذریعے یونان جانا چاہتے تھے اور جن میں سے پاکستانیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :