18 مئی ، 2012
چمن … پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو تقسیم کرکے پشتونوں کیلئے جنوبی پشتونخوا کے نام سے الگ صوبہ تشکیل دیا جائے۔ چمن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے پشتون اب مزید تیسرے درجے کا شہری بن کر نہیں رہ سکتے، صوبے کے انتظامی امور اور ترقیاتی وسائل میں پشتونوں کے ساتھ نا انصافی برداشت نہیں کی جائے گی، صوبے کا وزیراعلیٰ اگر بلوچ ہے تو گورنر پشتون ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کیلئے الگ صوبے کی تحریک چمن سے چل پڑی ہے جو بہت جلد انجام کو پہنچے گی۔ انہوں نے افغانستان میں بیرونی مداخلت کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا اور ملکی استحکام کیلئے تمام قومیتوں کو برابری کی بنیاد پرحقوق دینے کا مطالبہ کیا۔