10 ستمبر ، 2015
لودھراں......پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ جب سے حلقہ این اے154کا فیصلہ آیا تب سے لودھراں کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، چوتھے حلقے کا فیصلہ بھی اچھا آئے گا ۔ ن لیگ والے میدان سے بھاگ رہے ہیں ،جہانگیرترین نے حلقہ این اے 154 پر ضمنی انتخاب لڑنے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
مسلم لیگ ن کے رانااسلم اور حسن محمود شاہ نے لودھراں میں جہانگیرترین کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ رانااسلم پی پی 210 اور حسن محمود پی پی 211سے ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔ دونوں کو 2013 کے عام انتخابات میں آزاد امیدواروں سے شکست ہوئی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے لودھراں میں اپنے فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لوگوں کو معلوم ہے کہ انہوں نے کس کو ووٹ دیا تھا اور جیت کون گیا۔
جہانگیرترین نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپیلیں دائر کرنے کے بجائے میدانوں میں فیصلہ ہونے دے،جہانگیرترین نے کہا کہ لاہور سے بیٹھ کر مہم چلائی جارہی ہے، ایڈمنسٹریشن سے کہتا ہوں کہ آپ (ن) کے نہیں پاکستان کے ایڈمنسٹریشن ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان سے فوری مستعفٰی ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔