15 ستمبر ، 2015
راولپنڈی.......کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت کے بعد ماڈل ایان علی کی پیشیاں جاری ہیں، لیکن ان پر فرد جرم آج بھی عائد نہیں ہوئی اور ایک نئی تاریخ مل گئی۔ واپسی پر ان کا سامنا ایک ہنگامے سے ہوگیا۔
ضمانت کے بعد ماڈل ایان علی کی عدالت میں چوتھی پیشی کو بھی فیصلہ نہ مل سکا، بلکہ دہرائی گئی،جی ہاں، صرف تاریخوں پہ تاریخیں۔ ضمانت کے بعد سے ایان علی کی آنیاں جانیاں مسلسل چل رہی ہیں، لیکن کیس اب بھی فیصلے کا منتظر ہے۔
ایسی ہی ایک تاریخ پر آج بھی ماڈل ایان علی ، مسکراتی ہوئی عدالت میں پیش ہوئیں، لیکن چوتھی پیشی کو بھی، اگلی تاریخ مل گئی۔ پیشی بھگتنے کے بعد ایان علی باہر نکلیں تو سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک ایکشن سین ہوگیا۔
ایان علی مین ان بلیکس کے گھیرے میں آگے بڑھ رہی تھیں کہ کچھ افراد لڑ پڑے۔ اس ہنگامے میں ایان علی نے ٹھنڈے دماغ سے کام لیا اورجھگڑا کرنے والوں کو چپ کراتی رہیں۔ جھگڑے کے بعد گارڈز ایان علی کو لے کر آگے بڑھے تو ماڈل کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگوں کا رش لگ گیا، بچتے بچاتے راستہ ملا تو ایان علی نے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔