18 ستمبر ، 2015
پشاور ........پشاور ایئرفورس کیمپ حملے میںدہشتگردوں کی فائرنگ سے 16 نمازی شہید ہو گئے۔ دہشتگرد وں سے مقابلے میں کیپٹن اسفندیار بھی شہید ہو گئے۔پاک فوج کے کمانڈوز، ائر فورس کے اہلکاروں اور کوئیک ری ایکشن فورس کی فوری کارروائی میں 13 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
صبح نماز فجر کے وقت دہشت گردوں نے بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد دو مقامات سے اندر داخل ہوئے اور چھوٹے گروپس میں تقسیم ہوگئے ۔ بزدل دہشت گردوں نے کیمپ کے اندر مسجد کو نشانہ بنایا ۔دستی بم پھینکے اور فائرنگ کی جس سے 16 نمازی شہید ہوگئے ۔
ذرائع پاک فضائیہ کہتے ہیں حملے کا نشانہ بننے والا بیس آپریشنل نہیں، رہائشی علاقہ ہے ۔ ایر فورس کے تمام اثاثے مکمل محفوظ ہیں ۔دہشت گردوں سے مقابلے میں پچیس سے زائد افراد زخمی ، سی ایم ایچ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سیکیورٹی فورسز کے دو افسران سمیت 10 جوان شامل ہیں ۔ زخمیوں سے ملنے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ائر چیف مارشل سہیل امان پشاور پہنچ گئے ۔
ابتدا میں سیکیورٹی حصار توڑنے کےلیے دہشت گردوں نے گارڈ روم پر حملہ کیا تو پاک فضائیہ کے جوانوں نے مزاحمت کی۔ اور کچھ ہی دیر میں کوئیک ری ایکشن فورس موقع پر پہنچ گئیں ۔ جنہوں نے دہشت گردوں سے مقابلہ شروع کیا۔ کچھ دیر پہلے تک 13 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ،دہشت گرد سے مقابلے کے دوران کوئی ری ایکشن فورس کے میجر حسیب ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ، جبکہ دیگر جوانوں بھی زخمی ہوئے ۔
دہشت گرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے تھے جبکہ اے کے 47 سمیت جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔