21 ستمبر ، 2015
نیویارک ......دنیا بھر میں آج امن کا دن منایا جا رہا ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو دنیا بھر میں جنگ اور عدم تشدد کا دن قرار دیا ہے جسے منانے کا مقصد دنیا میں نفرتوں اور جنگ وجدل کو ختم کرکے محبت کو بڑھانا ہے۔
عالمی یوم امن کے موقع پر عالمی برادری توقع کرتی ہے کہ بڑے ممالک اپنی جابرانہ اور جنگی پالیسیوں کو ختم کرکے دنیا میں امن پھیلانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
اس دن کی مناسبت سے مختلف ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت امن کے لئے جدوجہد کرنے والی این جی اوز کے زیراہتمام خصوصی ورکشاپس، سیمینار و دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے1981 میں پہلی اور 2001 میں دوسری مرتبہ قرار داد منظور کی تھی جس میں عالمی امن کے حوالے سے دنیا کے ممالک پر زور دیا گیا تھا۔