22 ستمبر ، 2015
حیدرآباد .......حیدرآباد میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے پولیس سب انسپکٹر اشتیاق اعوان کو قتل کردیا۔ مقتول انسپکٹر کو سانحہ صفورا کے ماسٹر مائنڈ طاہر منہاس کے خلاف حیدرآباد میں پولیس اہل کار کے قتل کے مقدمے میں گواہی دینا تھی۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹراشتیاق اعوان ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ ممتاز کالونی میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ مقتول کو سات گولیاں لگیں اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔مقتول کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر ایس ایس پی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ مقتول اشتیاق اعوان ، سب انسپکٹرمنوج کمار قتل کیس کے تفتیشی افسراورگواہ تھے، جس کا مقدمہ سانحہ صفورا کے ماسٹرمائنڈ طاہر منہاس سمیت دیگر ملزمان کے خلاف درج ہے ۔