23 ستمبر ، 2015
کراچی......سپریم کورٹ نے وکلا کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق کیس میں اے کلاس کے بعد ری اوپن کیے گئے مقدمات کی تفصیلات آئندہ سماعت پر طلب کرلیں۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔
وکلا کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت وکلا کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سال 2007 سے اب تک کراچی میں 42 وکلا ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے۔30 مقدمات کا چالان متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جا چکا ہے۔10 مقدمات اے کلاس کئے گئے ہیں جبکہ2 کیسز میں ملزمان کو سزا ہو چکی ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اے کلاس کے بعد ری اوپن کیے گئے مقدمات کی تفصیلات آئندہ سماعت پرطلب کرلیں۔