پاکستان
21 مئی ، 2012

پاکستان ڈرون حملوں کا مستقل حل چاہتا ہے،صدر زرداری

 پاکستان ڈرون حملوں کا مستقل حل چاہتا ہے،صدر زرداری

شکاگو ... صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈرون حملوں کا مستقل حل چاہتا ہے، ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور عوامی جذبات کے خلاف ہیں،امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کے دوران صدر آصف زرداری نے کہا کہ امریکا سلالہ حملے کے معاملے پر مزید کچھ کرے، اسلام آباد افغانستان میں امن عمل کی پر زور حمایت کرتا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور صدر زرداری کے درمیان ملاقات میں پاکستان سے نیٹو سپلائی کھولنے اور افغانستان میں قیام امن کے معاملات زیر غور آئے۔ اس سے پہلے جب دونوں رہنماوٴں نے پرجوش مصافحہ کیاگیا ۔ توشکاگو کے گرم موسم کا حوالہ دیتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ انھوں نے شکاگو کا موسم خاص طور پر صدر زرداری اور ان کے وفد کے لیے تیار کیا ہے۔ اس پر صدر زرداری نے کہا کہ یہ موسم تو وہ پاکستان سے لے کر آئے ہیں۔نیٹو کانفرنس کی سائیڈ لائن پر صدر زرداری نے افغان صدر حامد کرزئی اور آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ سے بھی ملاقات کی۔ کانفرنس کے دوسرے روز صدرمملکت کی نیٹو کے سیکرٹری جنرل راسموسن سے بھی ملاقات متوقع ہے جو کانفرنس کے اختتام سے پہلے ہونے کا امکان ہے ، گزشتہ روز صدر زرداری کی پرواز تاخیر سے پہنچنے کے باعث دونوں رہنماوٴں کی طے شدہ ملاقات منسوخ ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :