29 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......الیکشن کمیشن نےاسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا، تاہم پولنگ 30 نومبر کو ہی ہو گی ، حلقہ بندیاں مکمل ہونے پر نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور جانچ پڑتال کی تاریخوں میں رد وبدل کیا جائے گا ، پولنگ پہلے سے طے کردہ تاریخ 30 نومبر کو ہی ہو گی۔
ووٹر فہرستیں فی الحال غیر منجمد اور تقرر و تبادلوں پر پابندی ختم کر دی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نیا شیڈول حلقہ بندیوں کے حتمی نوٹیفکیشن کے بعد 19 اکتوبر کو جاری کر دیا جائیگا ،نئے شیڈول کے اعلان تک اسلام آباد میں ترقیاتی اسکیمز پر بھی پابندی نہیں ہوگی۔