04 اکتوبر ، 2015
لاہور.......عمران خان کی اہلیہ ریہام خان نے آج لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس میں پارٹی دفاتر کا دورہ کیا اور خواتین کارکنوں سے ملاقات کی، وہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جلسے میں پہنچیں۔
عمران خان کی اہلیہ ریحام خان بھی این اے 122 کی انتخابی مہم میں سرگرم ہیں۔ وہ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو پہنچیں، جہاں پی ٹی آئی کے انتخابی آفس میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کارکنوں سے خطاب میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملتا تو وہ اپنا ووٹ این اے 122 میں رجسٹرڈ کرواتیں، عبدالعلیم خان ان کے بھائی اور عمران خان کے وفادار ساتھی ہیں، انہوں نے مشکلات میں پارٹی کا ساتھ دیا۔
ریحام خان ریلی کی صورت میں سمن آباد میں قائم پارٹی دفتر گئیں جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ ریحام خان خواتین کارکنوں کی قیادت کرتے ہوئے ڈونگی گراؤنڈ سمن آباد میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ وہ گاڑی سے اتر کر واک تھرو گیٹ سے گزریں اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتی ہوئی پنڈال میں پہنچیں۔