05 اکتوبر ، 2015
لاہور ........سیکریٹری الیکشن کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر ہوگی، سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے ،الیکشن کمیشن غیر جانبدارہے اور رہے گا ۔
لاہور میں چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن فتح محمد بابر یعقوب نے کہا کہ ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے شفاف انعقاد کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس کےغیر جانبدار رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔فوج کی ڈیمانڈ پر پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے اور یو پی ایس فراہم کیے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں بڑے سائن بورڈ ز کا نوٹس لیا جا رہا ہے۔ بورڈ لگانے والوں کو کل طلب کیا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تو حکومتی جماعت بھی کہہ رہی ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہےلیکن الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔