13 اکتوبر ، 2015
پسرور....... پسرور کے اسکول کی حالت زار جیونیوز پر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔ اسکول کی زمین پر قبضہ اور اسکول کے ارد گرد گندگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے،وزیراعلیٰ نے ہدایت کردی۔
جیونیوز پر نشر ہونیوالی رپورٹ میں ایک اسکول کے ارد گردکچرا کنڈی کا منظر دکھایا گیا کہ تحصيل پسرور کے نواحی گاؤں دُلمانوالی جےگورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کے بچے کس گندگی کے ماحول میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔اسکول کا کل رقبہ ساڑھے چھ کنال ہے ۔ ڈیڑھ کنال پر اسکول کی عمارت تعمیر ہے اور باقی رقبے پر کوڑے کرکٹ کا ڈھير لگا ہے۔
عيد قرباں پر جانوروں کی آلائشيں بھی اسکول کے اندر ہی پھینکی گئیں جس کی وجہ سے بدبو اور بيمارياں پھيل رہی ہیں۔ اسکول کا اسٹاف بچوں کو اسکول کے بجائے اسکول سے ملحقہ ایک گھر کے صحن میں تعلیم دینے پر مجبور ہے۔
اسکول پرنسپل مقدس جبین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے اسکول کی یہی حالت زار ہے، ای ڈی او ایجوکیشن اور ڈی سی او سمیت دیگر حکام کو کئی بار درخواستیں دی گئی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
تعلیم کے لئے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ناصرف حکومت کی بلکہ اہل علاقہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکول کے قریب گندگی نہ پھیلائیں ۔پنجاب حکومت ذرا سی توجہ دے تو یہی اسکول پسرور کی بچیوں کی تعلیم کیلیے بہترین خدمات انجام دے سکتا ہے۔