18 اکتوبر ، 2015
کراچی........کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں رینجرز نے کارروائی کرکے سیکورٹی فورسز پر حملے میں ملوث مبینہ 4 دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بر آمد کرلیا۔مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں مبینہ ٹارگٹ کلر اور بھتا خور سمیت 9 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کارروائیاں اتحادٹائون، ملیر رفاہ عام سوسائٹی، کھارادر، جمشید ٹائون اور گلشن معمار میں کی گئیں جس میں کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز اور بھتا خوروں سمیت 9 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایل ایم جیز سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق سلطان آباد ہجرت کالونی میں قانون فافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ تلاشی کے دوارن کالعدم تنظیم کےچار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں کا تعلق سوات سے ہے اور کالعدم تنظیم کے رکن ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملے میں بھی ملوث ہیں۔