20 اکتوبر ، 2015
سکھر ........سکھر پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ کراچی سے اغواء کی جانے والی تین لڑکیوں کو پولیس نے بازیاب کرالیاہے جبکہ لڑکیو ںکا کہنا ہے کہ انہیں کسی نے اغواء نہیں کیاتھا ۔اپنی مرضی سے گھر چھوڑا اورشادی کی تھی۔
سکھر پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ ایک ماہ قبل عزیز آبادکراچی سے اغواء کی جانے والی تین لڑکیوں 18سالہ نصرت ،19سالہ ثمرین اور10سال کی صبینہ کوبازیاب کرالیاگیاہے۔پولیس کے مطابق تینوں لڑکیوں کے اغواء کا مقدمہ عزیزآبادتھانے میں درج ہے اورمقدمہ میں شکارپورکے بااثر افرادپر اغواء اکاالزام عائد کیاگیا ہے۔پولیس کے مطابق لڑکیوں کو آج سیشن کورٹ میں پیش کیاجائیگا۔
دوسری جانب نصرت اورثمرین نے جیونیوزکوبتایا کہ انہیں کسی نے اغواء نہیں کیا تھا اورنہ ہی کسی نے بازیاب کرایاہے۔16ستمبر کو اپنی مرضی سے سکھر ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کی تھی ۔گذشتہ روز جب تحفظ کے لئے سکھر کی عدالت سے رجوع کرنا چاہا تو رشتہ داروں نے پولیس کو اطلاع دے دی اورپولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔