22 اکتوبر ، 2015
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ سندھ میں ڈی آر اوز کے مطالبے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے تینوں مرحلے میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم فیصلہ آرمی اتھارٹیز سے تبادلہ خیال اور آرمی کی دستیابی سے مشروط ہے۔
وہ بدھ کو مقامی ہوٹل میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ الیکشن کمیشن عطاالرحمٰن بھی موجود تھے۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی زیرصدارت سندھ میں بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈی آر اوز نے درخواست کی ہے کہ سندھ میں دیرینہ دشمنیوں، قبائلی لڑائیوں کے سبب ممکنہ خونریزی کو روکنے کے لئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی ضروری ہے۔ اس درخواست پر غور کیا جا رہا ہے اور آرمی اتھارٹیز سے رابطہ کیا جائے گا۔