22 اکتوبر ، 2015
دبئی.....پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز چار وکٹ پر 282 رنز بنالئے ،پہلے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق102اور اسد شفیق46رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کےخلاف دبئی میں جاری ٹیسٹ میں شان مسعود اور محمد حفیظ نے 51 رنز کی بنیاد رکھی ،محمد حفیظ 19 رنز بناکر آئوٹ ہوئے،پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے شعیب ملک صرف دو رنز ہی بناسکے۔
کھانے کے وقفے کے بعد شان مسعود بھی 54 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔85 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے اسکور 178 رنز تک پہنچا دیا اس دوران یونس خان نے گراہم گوچ کے ٹیسٹ کرکٹ میں 8900 رنز کو بھی عبور کیا،یونس خان 56 رنز بناکر مار ک ووڈ کا شکار بنے۔
اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کے درمیان 104 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنی ،اننگز کے آخری اوورز میں مصباح الحق نے دو چھکے لگا کر کئیر یر کی نویں سنچری مکمل کی ۔
پاکستان نے پہلے دن چار وکٹ پر 282 رنز بنالئے ہیں،مصباح الحق 102 اور اسد شفیق 46 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ کی طرف سے جیمزاینڈرسن ، معین علی،ووڈ اور اسٹوکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔