25 اکتوبر ، 2015
کراچی........ایف آئی اے نے چند روز قبل کراچی میں منی چینجر کے دفترسے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا ۔ان میں سے ایک حوالہ ہنڈی کیس کا اہم کردار نکلا، جو کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی ، غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہے۔
ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ملزم کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ مختلف امپورٹرز کے ساتھ مل کر حوالہ ہنڈی کا کام کررہا تھا۔ تحقیقات ہوئی تو ملزم کے کئی بینک اکاونٹس کا انکشاف ہوا، تحقیقات کرنے پر ان میں سے ایک بینک اکاونٹ ایسا بھی نکلا جس سے ایک ماہ کے دوران 40 کروڑ روپے حوالہ کئے گئے جبکہ جعلی انوائسنگ کے ذریعے لاکھوں ڈالر ماہانہ بیرون ملک بھی بھیجے جارہے تھے۔
ملزم کے پاس سے قبضے میں لئے گئے لیپ ٹاپ سے بھی ایک درجن سے زائد امپورٹرز کے بینک اکاونٹس کی فہرست بھی ملی ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق متعلقہ بینک سے اکاونٹ کا ایک سالہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ حوالہ ہنڈی کرانے والے امپورٹرز کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔