28 اکتوبر ، 2015
ایبٹ آباد .....زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، قبائلی علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مصروف عمل ہیں ، شاہراہ قراقرم کاگلگت ہنزہ سیکشن کھول دیاگیا ہے۔
سوات میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں ،کسی کے سر پر چھت نہیں رہی ،تو کسی کا اسکول کھنڈر بن گیا ،کہیں شاہراہیں بند ہیں تو کہیں شدید سردی میں گرم کپڑوں کی ضرورت ہے،زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
کمشنر نگر آصف رضا کے مطابق زلزلہ کے دوران بند ہونے والی شاہراہ قراقرم کے گلگت ہنزہ سیکشن کو ہر قسم کے ٹریفک کےلئے کھول دیاگیا ہے ۔
ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ثمینہ الطاف کے مطابق ضلع میں 6 گورنمنٹ گرلز اسکول مکمل تباہ ہو گئے ہیں ، 178 گورنمنٹ گرلز اور78گورنمنٹ بوائز اسکولوں کو زلزلے میں جزوی نقصان پہنچا ہے ،،
سوات میں بازار اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں،قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں زلزلے میں متاثر ہ کچے مکانات گرنے کاسلسلہ جاری ہے ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کررہے ہیں ،باجوڑ اور خیبر ایجنسی میں بھی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہی کام کررہے ہیں ۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ امداد کی عدم فراہمی سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔