23 مئی ، 2012
لاہور … بھارتی راجیہ سبھا کے رکن مانی شنکر آئر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مستقل بنیادوں پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہئے اور اس کیلئے ایک دوسرے کی دعوت کے بغیر ہی واہگہ اور اٹاری بارڈر پر مذاکرات کی میز لگادی جائے۔ لاہور کے ایک ہوٹل میں پاک بھارت تعلقات پر لیکچر دیتے ہوئے بھارتی رکن پارلیمنٹ مانی شنکر آئر نے کہا کہ پاک بھارت تجارت اور پاکستان کی جانب سے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا خوش آئند ہے۔ مانی شنکر آئر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے جتنا پاکستان متاثر ہوا کوئی اور ملک نہیں، پاکستان ناکام ریاست نہیں، پاک بھارت تجارت باہمی مسائل حل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ بھارتی مہمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مستقل بنیادوں پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہئے تاکہ یہ نتیجہ خیز ثابت ہو سکیں۔