دنیا
01 نومبر ، 2015

ایران خطے میں داعش سے بھی بڑا خطرہ ہے، بحرین

ایران خطے میں داعش سے بھی بڑا خطرہ ہے، بحرین

منامہ........ بحرین کے وزیر خارجہ الشیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے عرب ممالک میں افراتفری کے لیے دہشت گردوں کی حمایت اور مدد خطے میں دولت اسلامی "داعش" سے بھی بڑا خطرہ ثابت ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت منامہ میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ الشیخ خالد بن احمد نے کہا کہ عرب ممالک میں ایران کی مداخلت داعش سے کم خطرناک نہیں ہے۔

ایران ہی بحرین سمیت کئی دوسرے ملکوں میں انارکی پھیلانے کے لیے دہشت گردوں کو اسلحہ سپلائی کر رہا ہے۔بحرینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یمن کے حوثی شدت پسند ہتھیار پھینک دیں اور سیاسی حل کا حصہ بن جائیں تو وہ یمن کے مستقبل کا حصہ سمجھے جائیں گے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے کہا کہ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر معاہدے کے بعد امریکا، تہران کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایران کا عرب خطے میں دہشت گردوں کی حمایت اور مدد کرنا کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کی موجودگی فوجی مفادات سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے تنازع کا فوجی حل نہیں۔ روس نے فوجی مداخلت کر کے معاملے کے سیاسی حل کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

مزید خبریں :