Geo News
Geo News

دنیا
02 نومبر ، 2015

مغرب اور روس کے خلاف جنگ تیز کی جائے، القاعدہ

مغرب اور روس کے خلاف جنگ تیز کی جائے، القاعدہ

دمشق........ القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ شام اور عراق میں مغرب اور روس کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ریکارڈ شدہ پیغام میں انہوں نے القاعدہ اور داعش کے درمیان بہتر کوآرڈی نیشن اور اتحاد پر زور دیا ہے۔ایمن الظواہری کا ریکارڈ شدہ پیغام انٹرنیٹ پر جاری کیا گیا۔ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی، روسی، ایرانی، شامی علوی اور حزب اللہ ہمارے خلاف مربوط جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کیا ہم باہمی لڑائی چھوڑ کر اپنی تمام تر توانائیاں ان کے خلاف جنگ میں صرف نہیں کر سکتے؟ریکارڈنگ کی تاریخ کے بارے میں قطعی وضاحت نہیں ملتی تاہم بشار الاسد کے قریبی اتحاد ی روس کی جانب سے شام میں داعش کے خلاف تیس ستمبر کو شروع کئے گئے فضائی حملوں کے ذکر سے غالب گمان یہی ہے کہ پیغام روسی حملوں کے بعد ریکارڈ کرایا گیا۔

یاد رہے کہ ستمبر میں جاری کردہ ایک ریکارڈ شدہ پیغام میں ایمن الظواہری نے داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کو غیر قانونی قیادت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ البغدادی کے پیروکار شام اور عراق میں مغربی قیادت میں سرگرم اتحاد کا مقابلہ کرنے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

مزید خبریں :