24 مئی ، 2012
حیدرآباد… عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ 48 گھنٹوں کے اندر محبت سندھ ریلی پر فائرنگ میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو سندھ کی قومی شاہراہوں کو بند کردیں گے۔ حیدرآباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کے بعد دونوں رہنماوٴں نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے گزشتہ روز کراچی میں محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ وہ اظہار یکجہتی اور تعزیت کے لئے ایاز لطیف پلیجو کے پاس آئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز کے واقعہ کو کھلی بربریت اور دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ریلی پر فائرنگ کا مقدمہ حکمرانوں کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ محبت کرنے والے ہیں انہیں دیوار سے نہ لگایا جائے ورنہ اس کے نتائج خطرناک ہونگے۔ انہوں نے محبت سندھ ریلی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے فوری پچاس پچاس لاکھ معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔