24 مئی ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی توہین عدالت کیس میں سزا کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کیلئے دو دن باقی رہ گئے ہیں اورتوقع ہے کہ وزیراعظم کے وکیل آج یا کل اپیل دائر کرینگے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو این آر او کے خلاف عدالتی فیصلے پر دانستہ طور پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کا مجرم قرار دیا تھا اور 26 اپریل کو عدالت برخواست ہونے تک قید کی سزا سنائی تھی۔وزیر اعظم گیلانی کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے انٹراکورٹ اپیل پر گذشتہ روز وزیراعظم ہاوٴس میں ان سے مشاورت کی اور انٹراکورٹ اپیل کو حتمی شکل دی گئی۔ توقع ہے کہ یہ اپیل آج یا کل سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اپیل میں قانونی نکات کا حوالہ دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ استغاثہ کی جانب سے توہین عدالت کے الزام کی واضح مخالفت کے باوجود عدالت نے وزیر اعظم کو سزا سنائی جس کی قانون میں گنجائش نہیں۔ وزیراعظم کے خلاف تفصیلی فیصلے کے مختلف نکات بالخصوص جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اضافی نوٹ میں شعروشاعری پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔