08 نومبر ، 2015
اسلام آباد........مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، مسلم لیگ ن ایاز صادق کو بلا مقابلہ اسپیکر منتخب کروانے کے لیے سرگرم ہوگئی۔
سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے، قومی اسمبلی میں ان کے ساتھ تجویز کنندہ طارق فضل چوہدری، زاہد حامد، عبدالحکیم بلوچ، طاہرہ اورنگزیب، طلال چوہدری اور جنید انور بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے اپنی دوبارہ نامزدگی پر پارٹی قیادت اور وزیراعظم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اسپیکر شپ کے لئے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی حامی ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ چودھری پرویز الہی نے ان کی حمایت کی ہے، ایم کیوایم کے رہنماؤں سے بھی ملاقات طے ہے، شیخ رشید سے متعلق انہوں نے کہا کہ شیخ صاحب جب بدعا دیتے ہیں تو انہیں کامیابی ملتی ہے۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کوئی ووٹ دے یا نا دے، وہ غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے۔