دنیا
14 نومبر ، 2015

فرانس میں دہشت گرد حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان

فرانس میں دہشت گرد حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان

پیرس......دہشت گرد حملے کے بعد فرانس میں تین روز کے سوگ کا اعلان اور ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ، پیرس میں60 سال بعد کرفیو لگادیا گیا ہے ۔

پیرس میں فوج کے دستے طلب کر لئے گئے ہیں جبکہ ملک کی سرحدیں بھی سیل کر دی گئیں۔ سرکاری سطح پر 127 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے ۔ برطانیہ، بلجیم، جرمنی سمیت یورپ بھر میں خوف کے سائے ، حفاظتی اقدامات سخت ، کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو پیرس جانے سے روک دیاہے۔

فرانسیسی صدر فرانکواں اولیندے کا کہنا ہے کہ پیرس پر دہشتگردوں کا حملہ داعش کی کارروائی ہے،دہشتگردی کی منصوبہ بندی فرانس میں ہوئی، دہشتگرد باہر کے تھے۔فرانسیسی صدر خود بھی حملے کے وقت اسٹیڈیم میں موجود تھے ،انہیں بحفاظت اسٹیڈیم سے نکالا گیاتھا۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کنسرٹ کے درمیان پہلے فائرنگ ہوئی ، پھر دھماکوں کی آوازیں آئیں،جس کے بعد ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔موقع پر موجود ایک لڑکی اور لڑکے نے بتایا کہ واقعے کے بعد ہم اسٹیج کی طرف بھاگے،ہم وہاں 2 گھنٹے تک چھپے رہے،کمرے میں 25 افراد موجود تھے۔وہ لوگ چیخ چلا رہے تھے،وہ زخمی تھے۔ہر طرف دھماکے ہو رہے تھے ہم نے جان بچانے کی کوشش کی، بھاگتے ہوئے ایک شخص کے سامنے پہنچ گئے لیکن اس نے ہمیں نہیں مارا اور ہم جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

پیرس کی پولیس نے جمعرات تک عوامی مظاہروں پرپابندی لگادی ہے اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے ہیں۔پیرس کے ایفل ٹاور کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

پاکستان،امریکا، سعودی عرب، اور ایران سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نےپیرس دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور ،دہشتگردی کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :