15 نومبر ، 2015
میانوالی........عمران خان بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں میانوالی پہنچ گئے،موسی خیل میں انتخابی ریلی میں عمران خان نے کہا کہ آپ کا پیسہ آپ پر خرچ ہوگا۔
میانوالی کے علاقے موسیٰ خیل میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کا کسان پاکستان کے مقابلے میں زیادہ خوشحال ہے، وہاں بجلی، کھادیں اور کیڑے مارادویات بھی سستی ہیں۔ یہاں کسان مررہاہے ، غربت بڑھ رہی ہے، نوازشریف کسانوں پر نہیں میٹرو پر پیسہ خرچ کررہا ہے۔
ریلی میں نامورسرائیکی گلوکار عطاء اللہ خان عیسی خیلوی بھی شریک تھے، جو اپنے نغموں میں عمران خان کے گن گاتے رہے۔عمران خان جلسہ گاہ سے واپس روانہ ہوئے تو قریب واقع ایک کچے مکان کی چھت گر گئی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، یہ افراد عمران خان کے استقبال کے لیے چھت پر جمع ہوئے تھے۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اپنے آبائی علاقے میں دو روز قیام کے دوران مختلف جلسوں سے خطاب اور ریلیوں میں شرکت کریں گے۔