16 نومبر ، 2015
اسلام آباد......سپریم کورٹ نےسابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس میں اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈ وکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے۔
کیس سے متعلق ریکارڈ اور پیش رفت رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے کی۔
مقتول اٹارنی جنرل کے بیٹے سرد ار ابرار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم روح اللہ انٹرنیشنل گینگسٹرہے،اس کے اسلحہ ڈیلرز کے ساتھ بھی رابطے ہیں،اس وقت وہ افغانستان میں ہے، انٹرپول بھی افغانستان میں کام نہیں کرتی۔ سردار ابرار کا کہنا تھا کہ ان کے والد کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا اور ملزم کوبھی منصوبہ بندی کے تحت ملک سے فرار کرایا گیا
عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اورایڈ ووکیٹ جنرل پنجاب کونوٹس جاری کر تے ہوئے کیس سے متعلق ریکارڈ اور پیشرفت رپورٹ آئندہ سماعت پرطلب کر لی،اس کے بعدکیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔