Geo News
Geo News

دنیا
16 نومبر ، 2015

دنیا دہشت گردی کی برائی سے نجات حاصل کرے، شاہ سلمان

دنیا دہشت گردی کی برائی سے نجات حاصل کرے، شاہ سلمان

اناطولیہ........سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جی-20 سمٹ میں اپنے خطاب میں دنیا کو دہشت گردی کی برائی سے جلد از جلد نجات دلانے کے ضرورت پر زور دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ ترکی میں ہونے والے جی-20 کے سربراہی اجلاس میں سعودی عرب کے وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں تیز کرے کیونکہ اس سے دنیا کا امن اور سیکیورٹی شدید خطرے میں ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے اقوام متحدہ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی۔ یہ مجوزہ سینٹر دہشت گردی پر تحقیق کے ساتھ انٹیلیجنس پر مبنی معلومات کے تبادلے کا مرکز ہو گا۔ سعودی عرب نے اس سینٹر کے لئے پہلے ہی 110 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ انہوں نے دوسرے ملکوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سینٹر کے فنڈ میں عطیات دیں۔

خادم الحرمین الشریفین نے پیرس میں ہونے والے حالیہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام معصومیت کا دین ہے۔ ان کا ملک بھی دہشت گردی کے واقعات سے متاثر ہو رہا ہے۔ شامی بحران پر انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادی اس کا فوری حل تلاش کرنے کے لئے کام کرے۔

قبل ازیں امریکی صدر براک اوباما نے شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے شام کی اعتدال پسند اپوزیشن اور عراقی حکومت کی داعش کے خلاف جنگ میں حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں :