25 مئی ، 2012
اسلام آباد… حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اضافی نوٹ چھاپ کر ادائیگیوں کا پروگرام بنا رہی ہے ، ماہرین توانائی اور اقتصادیات کہتے ہیں کہ یہ مسئلے کا حل نہیں ، غریب مہنگائی سے مر جائے گا۔ ملک میں توانائی کا بحران حکومت کے قابو سے باہر ہو چکا ہے جس کے حل کیلئے حکومت کے اعلی ایوانوں کی طرف سے ایک منفرد فارمولا پیش کیا گیا ہے ، وہ ہے وزیر اعظم کا فارمولہ، کہ توانائی کے بحران کے حل کیلئے زیادہ سے زیادہ نوٹ چھاپو۔لیکن حکومت کو یہ سن کہ ضرور دکھ پہنچے گا کہ ماہرین توانائی نے اس فارمولے کو رد کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ توانائی بحران کا کوئی حل نہیں ، اس کے ساتھ ساتھ انہو ں نے توانائی بحران کو حکومت کی بدانتظامی قرار دیا ہے۔ ماہرین تونائی کے ساتھ ساتھ مالی امور کے ماہرین بھی نوٹ چھاپ کر بجلی کے بحران کا حل ڈھونڈنے کو مہنگائی کا طوفان پیدا کر کے غریب آدمی کو مارنے کے مترادف قراردے رہے ہیں۔ اگرچہ اس بات کی تصدیق وزارت خزانہ کے اعلی ذرائع بھی کرتے ہیں کہ بجلی گھروں کو فیول کی فراہمی کیلئے موجودہ ادائیگیاں بھی اضافی نوٹ چھاپ کر کی جارہی ہیں ، لیکن ہمیشہ کی طرح عوام کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنانے والے وزیر نوید قمر کہتے ہیں اضافی نوٹ چھاپنے کی تو ایسی کوئی بات ہے ہی نہیں ، بات جو بھی ہے حقیقت یہی ہے ،کہ موجودہ حکومت کے دور میں بجلی بحران نے صنعتی شعبے کا پہیہ جام کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کا دن کا سکون اور رات کا چین چھین رکھا ہے، بجلی نہ ملنے سے عوام سخت عزاب میں مبتلا ،ہیں حکومت اضافی نوٹ چھاپتی ہے تو بھی شدید مہنگائی کے تیر انہی عوام پر پھینکتی ہے۔