22 نومبر ، 2015
اسلام آباد......وزیرداخلہ چودھری نثارنےکہا ہے کہ جوکچھ بنگلا دیش میں ہورہا ہے وہ اخلاقیات، بین الاقوامی قوانین اورانسانی حقوق کی پامالی ہے، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ایک بیان میں چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ پاکستان اوربنگلا دیش کے عوام ماضی کی تلخیاں بھلا کردوستی اوربھائی چارے سے تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں، بنگلا دیش میں ایک گروہ بنگلا دیشی اور پاکستانی عوام میں بھائی چارے کی فضا بحال ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔
انتہائی دکھ ہے کہ ہم ان لوگوں کے لیے کچھ نہیں کرسکے جنھوں نے پینتالیس سال پہلے پاکستان سے وفاداری کی۔ حیرانی ہے کہ دنیا بالخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے انصاف کے قتل پر خاموش کیوں ہیں۔ انسانیت کےقتل اور پاکستانیت سے انتقام کی آگ کو اب ٹھنڈا ہونا چاہیے۔