25 مئی ، 2012
ملتان … متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما افتخار اکبر رندھاوا نے کہا ہے کہ ہمیں نفرت کی بنیاد پر نہیں محرومیوں کی بنیاد پر صوبہ چاہئے۔ یہ بات ممبر رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ کے افتخار اکبر رندھاوا نے متحدہ سوشل فورم کے زیر اہتمام ملتان پریس کلب میں ایک سیمینار جنوبی پنجاب کے معاشی مسائل اور ان کا حل کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو معاشی طور پر مارا جا رہا ہے، میں پنجابی ہوں لیکن سرائیکی دھرتی پر رہتا ہوں اس لئے میں بھی سرائیکی ہوں، ہمیں گھر دے دیا جائے اس کا نام خود تجویز کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کو جاگنا ہو گا اور متحد ہو کر اپنے معاشی مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ سیمینار سے سرائیکی خطے کے دانشوروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔