23 نومبر ، 2015
ہالا......مخدوم امین فہیم کی وفات کے بعد ان کے بڑے صاحبزادے مخدوم جمیل الزماں کی دستار بندی کردی گئی۔ جس کے بعدمخدوم جمیل الزماں سروری جماعت کے 19 ویں روحانی پیشوا بن گئے۔
دستار بندی ہالا میں درگاہ لکی شاہ صدر میں ہوئی۔ درگاہ کے گدی نشین سید حسین شاہ نے جمیل الزماں کی دستار بندی شروع کی۔جس میں مخدوم خلیق الزماں، مخدوم رفیق الزماں، مخدو م سعید الزماں، امین فہیم کے بیٹوں، بھتیجوں سمیت مختلف درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشینوں نے حصہ لیا۔
دستار بندی کے بعد مریدوں سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جمیل الزماں نے انھیں تلقین کی کہ وہ قرآن شریف پڑھیں ۔اور اللہ کے احکامات کی پیروی کریں ۔ دنیا کا اقتدار آنی جانی شے ہے ۔
مخدوم ہاؤس میں امین فہیم کو ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جس میں سروری جماعت کے خلیفوں اور معززین کے علاوہ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، چوہدری اعتزاز احسن، منظور وٹو، لطیف کھوسو ، امتیاز شیخ ، عبدالحئی بلوچ ، جام معشوق اور جام مدد علی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی رہ نماؤں نے شرکت کی اور مخدوم خاندان سے تعزیت کی۔
مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے مخدوم جمیل کی دستار بندی