25 نومبر ، 2015
کوئٹہ.......پولیو کے خاتمے کیلئے تشکیل دئیے گئے ادارے ایمرجنسی آپریشن سیل (ای او سی) بلوچستان نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران ویکسین سے انکار کرنے والے والدین کی تعداد میں 91 فیصد کمی واقع ہوئی۔
ای او سی کے ایک افسر ڈاکٹر آفتاب کاکڑ نے بتایا کہ پانچ سال سے کم عمر 12607 بچوں کے والدین کو پولیو رضاکاروں، علماء اور انتظامیہ نے پولیو قطروں کے حوالے سے قائل کیا۔
صوبائی محکمہ صحت نے کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں 10 سے 12 نومبر کے درمیان تین روزہ انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا تھا۔
ای او سی کے سربراہ سید سیف الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ مہم کے دوران 24 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔
ڈاکٹر کاکڑ کے مطابق حالیہ مہم کے دوران 448 والدین نے کوئٹہ بلاک میں اپنے بچوں کو ویکسین دلوانے سے انکار کیا۔
انہوںنے کہاکہ مجموعی طور پر 5015 خاندانوں نے اپنے بچوں کو ویکسین دلوانے سے انکار کیا، 4567 کو بات چیت کے ذریعے قائل کیا گیا۔