27 نومبر ، 2015
لاہور......شاہد آفریدی کا شمار ان گنے چنے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جو کچھ کریں تو بھی خبروں کی ہیڈلائن میں ، نہ کریں تو اور بھی زیادہ خبروں کی زینت بنتے ہیں۔
یہی کچھ گزشتہ میچ میں ان کے صفر پر آؤٹ ہونے کےبعد ہوا ، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی اہلیہ نے ان کی پرفارمنس پر ایک ٹوئٹ کیا اورپھر کہانی شروع ہوگئی ۔
بوم بوم شاہد افریدی کے نام کا حصہ بن گیا ہے ، دوسری طرف ٹک ٹک کا لفظ ، مصباح الحق کے نام سے جڑ گیا ہے۔ شائقین کے خیال میں یہ دونوں الفاظ دونوں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے اسٹائل اور شخصیت کی عکاسی کرنے میں بالکل ٹھیک نظر آتے ہیں ،لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے شاہد آفریدی اپنی پرفارمنس کے حساب سے سخت تنقید کی زد میں ہیں۔
کل بھی وہ انگلینڈ کے خلاف صرف 2 گیندوں تک وکٹ پر ٹک سکے اور کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے ،صفر پر آوٹ ہونے کا یہ پہلا موقع نہیں ،وہ 85ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران 7مرتبہ صفر پر آوٹ ہوچکے ہیں جبکہ 25اننگز میں کا اسکور 10رنز سے بھی کم رہا ہے،انہوں مختصر دورانیے کی کرکٹ میں صرف 4نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
کل جب آفریدی آؤٹ ہوئے تو ٹیسٹ ٹیم کے ٹک ٹک کپتان مصباح الحق کی اہلیہ نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام چھوڑا کہ کاش آفریدی ٹک ٹک کرسکتے ،اس پیغام کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی کہ ایک فارمیٹ کے کپتان کی اہلیہ کو دوسرے فارمیٹ کے کپتان کی پرفارمنس پر ایسی کھلی تنقید کرنی بھی چاہیے یا نہیں ۔
تاہم اتنا ضرور ہوا کہ کچھ دیر بعد مصباح کی اہلیہ نے یہ ٹوئٹ اپنے پیج سے ڈيلیٹ کردیا ،اس سے پہلے 2011ء کے ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر شاہد آفریدی کی بیٹیوں نے بھی مصباح الحق کی پرفارمنس پر تنقید کی تھی ۔
لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ گراؤنڈ سے باہر ہونے والی یہ تنقید دونوں کھلاڑیوں کے باہمی تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوتی اور دونوں ایک دوسرے کی قائدانہ صلاحیتوں اور پرفارمنس کے معترف ہیں۔