02 دسمبر ، 2015
اسلام آباد......قومی اسمبلی میں 6 جماعتوں نے متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کر لیا۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اگلے ہفتے اجلاس بلا کر حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
فرینڈلی اپوزیشن نہ دشمن اپوزیشن، اب ہو گی قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق6 جماعتی اپوزیشن اتحاد بننے جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو تحریک انصاف، اے این پی، مسلم لیگ ق، عوامی مسلم لیگ اور قومی وطن پارٹی نے یقین دہانی کرا دی ہے کہ قومی اسمبلی میں اہم قومی امور پر مشترکہ مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے قیام کا مقصد نئے ٹیکسز، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل پر تحریک چلانا بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے یہ 6 اپوزیشن جماعتیں مشترکہ اجلاس بلا کر آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کریں گی۔