05 دسمبر ، 2015
کراچی......سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اورآخری مرحلے میں بعض مقامات پر کہیں ڈنڈے چلے تو کہیں لاتیں اور گھونسے،بعض مقامات پر پولنگ عملے سے زبردستی کرنے کے واقعات بھی ریکارڈ کیےگئے۔
صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کےوارڈ 33 کے پولنگ اسٹیشن میں دو گروپوں میں تلخ کلامی کے ساتھ ہی کشیدگی پھیل گئی۔ معاملہ ووٹرز کو اپنے حق میں زبردستی قائل کرنے کا تھا۔البتہ پولیس کے بروقت ایکشن نے معاملہ رفع دفع کرادیا۔
مظفرگڑھ کی یوسی 40 کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ پرائمری اسکول میں ووٹرز نے احتجاج کیا۔ووٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے۔
راجن پورمیں حالات اس وقت قابو سے باہر ہوگئے جب روجھان وارڈ 5 گورنمنٹ بوائز اسکول پولنگ اسٹیشن میں دو سیاسی جماعتوں میں تلخ کلامی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک آگئی۔ مخالفین نے ایک دوسرے کی جم کر دھلائی کی لیکن پھر فوج آنے پر معاملہ ٹھنڈا ہوا ۔
راجن پور میں محمدپور وارڈنمبر 6پولنگ اسٹیشن7 میں ووٹرز کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر پولنگ روک دی گئی،جھگڑا پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔راجن پور ہی میں کوٹ مٹھن وارڈ نمبر9پولنگ اسٹیشن9 میں ووٹرز لسٹ فراہم نہیں کی گئی۔
کچھ ایسی ہی صورتحال بہاولپورمیں بھی نظر آئی جہاں ن لیگ اور ایک آزادامیدوارکے حامی آمنے سامنے آگئے۔ گرمی گرما جاری تھی کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ممکنہ تصادم ٹل گیا۔
بہاول پور کی یوسی14وارڈ 2 میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کےکارکنوں میں تلخ کلامی کے بعد پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔
ملتان شجاع آباد کی یونین کونسل 142 میں تحریک انصاف کے بلدیاتی امیدوار رانا اکرم نے مبینہ طور پر عملے سے پولنگ کا سامان چھین لیا جس کے بعد موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ایکشن لیا۔
ملتان کی یونین کونسل 10 کے پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا جس کے دوران پولیس کی نفری طلب کر لی گئی۔جھگڑاتحریک انصاف اورن لیگ کی حامی خواتین میں تلخ کلامی پرہوا۔
ملتان کی یوسی 47 خواتین پولنگ اسٹیشن میں مردوں کے داخل ہونےپر ہنگامہ ہوگیا جو پولیس کی بھاری نفری طلب کرنے پر ختم ہوا۔
نارووال کی تحصیل شکرگڑھ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم دیکھنے میں آیا۔ دونوں جانب سے آزادانہ طور پر لاٹھیاں اورڈنڈے چلے،اس دوران 10 افراد زخمی ہوگئے ۔
سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں کاواں لٹ پولنگ اسٹیشن میں پاکستان تحریک انصاف اورآزادامیدوارکے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔
خوشاب کے وارڈ41پولنگ اسٹیشن میں ن لیگ کاامیدوار جعلی ووٹ کاسٹ کرتے پکڑاگیا۔پولیس کے مطابق امیدوار اسلم سندرانہ سے مبینہ طور پر51 بیلٹ پیپرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
مظفرگڑھ کی یوسی 40 کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ پرائمری اسکول میں ووٹرز نے احتجاج کیا۔ووٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے۔