Geo News
Geo News

پاکستان
05 دسمبر ، 2015

بلدیاتی انتخابات :کراچی میں بڑا دنگل، پنجاب کے روایتی رنگ

بلدیاتی انتخابات :کراچی میں بڑا دنگل، پنجاب کے روایتی رنگ

کراچی......کراچی کے 6اور پنجاب کے 12اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سجا ہے، یہ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ ہے، جس کے بعد مقامی حکومتوں کی تشکیل کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

ملک کے سب سے بڑے شہر ہونے اور سیاسی ہلچل کے باعث کراچی کے الیکشن پر سب کی نظریں ہیں، بالآخر کراچی کے بلدیاتی انتخابات آن پہنچے، سب سے بڑے شہر میں بلدیاتی انتخابات کا سب سےبڑا دنگل سجا ہے۔

خدشات سے بڑھ کر توقعات اور توقعات سےبڑھ کر انتظامات، لیکن الیکشن ہو، کراچی میں ہو اور اس میں کچھ نہ ہو، ایسا آج تک نہیں ہوا تو آج کیسے ہوجاتا، کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں روایتی الیکشن کے سارے رنگ موجود ہیں۔

لوگ بھی گھروں سے نکلے ہیں، سیاسی جماعتوں کے پولنگ کیمپ بھی لگے ہیں، سیکیورٹی بھی برابر موجود ہے، لیکن اس کے باوجود کہیں نہ کہیں بد انتظامی، تلخ کلامی، شور شرابہ، احتجاج و شکایات بھی ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔

اس شور شرابے میں خواتین بھی پیش پیش ہیں، لیکن بہت سے علاقوں میں صورتحال تسلی بخش بھی ہے، انتخابات پر امن فضا میں بھی ہورہے ہیں، البتہ کہیں کہیں سیاسی حریف ایک دوسرے پر ٹھپے لگانے کے الزامات لگارہے ہیں۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ ووٹر اپنے حق اور اپنی طاقت سے بخوبی آگاہ ہوگیا ہے، کراچی میں انتخابات کے موقع پر سندھ حکومت نے چھٹی کااعلان کر رکھا ہے اور لوگ بھی چھٹی گھر بیٹھ کر ضائع کرنے کے بجائے قطار میں لگ کر اپنا امیدوار چننے میں صرف کررہے ہیں ۔

بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی کے چھ اضلاع کے ساتھ پنجاب کے بارہ اضلاع میں بھی پولنگ ہورہی ہے، وہاں بھی الیکشن کے روایتی رنگ نظر آرہے ہیں ۔

راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، ڈی جی خان، رحیم یار خان، بہاول پور، نارووال، لیہ، راجن پور، مظفر گڑھ، جھنگ اور خوشاب میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، یہاں بھی ووٹرز اور سپورٹرز متحرک ہیں، سیکیورٹی الرٹ ہے، لیکن شور شرابہ احتجاج اور الزامات تو جیسے انتخابی سیاست سے لازم و ملزوم ہوکر رہ گئے ہیں، سو وہ بھی سب کچھ ہے۔

مزید خبریں :