08 دسمبر ، 2015
کراچی.......ملٹری پولیس پر حملہ کیس میں کراچی کے جن دو موٹر سائیکل سواروں کوسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حراست میں لیا گیا تھا، انہیں بے گناہی ثابت ہونے پر رہا کردیا گیا ہے۔
یکم دسمبر کو تبت سینٹر پر ملٹری پولیس پر حملہ کرنے کے شبہے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جن دو موٹر سائیکل سوار وں کو حراست میں لیا گیا تھا وہ بے گناہ ثابت ہونے پر رہا ہوچکے ہیں، دونوں افراد سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملٹری جیپ کے ساتھ ساتھ چلتے نظر آئے تھے اور ان پر حملہ آور ہونے کا شبہ تھا ۔
ان دونوں کے نام خالد اور رحمان بھولا ہیں اور انہیں گارڈن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا تھا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے رحمان بھولا کا پان کا کیبن جبکہ خالد اسکا دوست ہے، دونوں افراد سے ملٹری جیپ پر حملے سے متعلق تفتیش کی گئی تاہم تحقیقات کے دوران دونوں افراد بے گناہ ثابت ہوئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دوسری موٹر سائیکل پر سوار افراد ممکنہ طور پر حملہ آور ہوسکتے ہیں جن میں سے ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔